Tuesday, January 30, 2018

جب بھی لکھنا ہو تمہیں صرف حقیقت لکھنا

Image result



احمد علی برقی اعظمی

جب بھی لکھنا ہو تمہیں صرف حقیقت لکھنا
تم ریاکاری کو ہرگز نہ عبادت لکھنا
اے مورخ رہے ملحوظ قلم کی حُرمت
میرے حالات کو افسانۂ عبرت لکھنا
جس سے وہ صفحۂ تاریخ کی زینت بن جائے
ہو بہو جیسی ہو جس کی وہی صورت لکھنا
ناگہاں موت قیامت سے نہیں کم ہوتی
تم فسادات کو آثارِ قیامت لکھنا
آج ہیں نذرِ فسادات جہاں بھی مظلوم
تم اسے اہلِ حکومت کی شرارت لکھنا
امن کے نام پہ جو جنگ کو دیتے ہیں ہوا
اُن کے اطوار کو شیطان کی خصلت لکھنا
جیسے پہلے تھے نہ ویسے رہے برقی اخبار
آج سب بھول گئے حرفِ صداقت لکھنا

0 comments:

Post a Comment