Thursday, November 27, 2014

سیدہ کلثوم



سُنا ہو گا یہ تم نے بھی
کہ اپنوں سے الجھنے میں
فقط ملتا خسارہ ہے
کہ اپنوں سے لڑائی میں
ہمیشہ مات ہوتی ہے
اگرچہ جیت جاو تم
مگر اُس جیت میں آخر، بہت کچھ ہار جاتے ہو
سُنا ہوگا یہ تم نے بھی
کہ جن کو پیار کرتے ہوں
اُنہی کو درد دینا کس قدر دشوار ہوتا ہے
کہ ایسے میں اذیت کا انوکھا وار ہوتا ہے
مجھے معلوم ہے پیارے
سنا ہو گا یہ سب تم نے
مگر ادراک کے پہلے پڑاو پر کھڑے ہو کر
نہ تم یہ جان پاو گے
کہ اِس دوہری اذیت میں، خسارہ ہی خسارہ ہے
یہ ایسی جنگ ہے جس میں
کبھی آنکھیں چھلکتی ہیں
کبھی دل خون روتا ہے
کبھی ارماں سلگتے ہیں
کبھی جذبات مرتے ہیں
جنہیں کل تک سجایا تھا
وہ سارے خواب جلتے ہیں
کبھی تم دیکھنا چاہو
کہ اپنوں سے الجھنے میں
کوئی کیسے بکھرتا ہے
تو آ کر مجھ سے مل لینا!

0 comments:

Post a Comment